اللہ تعالیٰ نے انسان کو انتہائی غیر معمولی صلاحیت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ اس صلاحیت کی آخری حد یہ ہے کہ انسان تاریکی میں بھی روشنی کا پہلو دیکھ لیتا ہے۔ وہ ناموافق حالات کو موافق حالات میں تبدیل کر سکتا ہے۔ جب اس کی بازی کھوئی گئی ہو اس وقت وہ دوبارہ اپنے لیے نیا میدان تلاش کر لیتا ہے۔ جس میں جدوجہد کر کے وہ ازسرنو اپنی منزل پر پہونچ جائے۔ زیر نظر کتاب انسانی شخصیت کے اسی پہلو کا مطالعہ ہے۔ یہ ناممکن میں ممکن کو دیکھنے کی کوشش ہے۔ یہ مایوسی کو امید میں بدلنے کا ایک پیغام ہے۔ اور یہ وہ چیز ہے جس کی آج کے انسان کو شاید ہمیشہ سے زیادہ ضرورت ہے۔