اسلامی ادب موجود ہے یا نہیں یہ بات تو مسلم ہے کہ ادب ادیب کے ضمیر کی آواز ، اس کے عقیدہ کا اظہار اور اس کی فکر کا ترجمان ہوتا ہے ۔ لہذا ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ ادیب خود مسلمان ہواور اس کاادب اسلام کے خلاف۔ ادیب کی فکر اسلامی ہو اور اس کاادب غیر اسلامی ۔ اس کا عقیدہ اللہ اوراس کے رسول پر ایمان ہو اور اس دعوت تشکیک ہو ۔ وہ خود تو اعلی اسلامی اخلاق کا حامل ہو لیکن نظم و نثر میں وہ غیر اسلامی اخلاق کو ہوا دے ۔ ذاتی زندگی میں تو وہ اللہ اور اس کے رسول کا فرمابردار اور ان کو معیار حق سمجھنے والا ہو۔ لیکن جب وہ ادب تخلیق کرنے بیٹھے تو اس کا معیار کچھ اور ہو جائے ۔فکرو عمل اور اظہار و نظریہ کا یہ تضاد اسلامی ، اخلاقی اور ادبی کسی بھی حوالہ سے مستحسن نہیں سمجھاجاسکتا۔